اسرائیل کا ایران پر حملے کا منصوبہ تیار، عہدیداروں کے گھروں کو بھی نشانہ بنانے کا انکشاف

Published On 23 October,2024 02:52 am

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا، حملوں کے دوران ایران کے عہدیداروں کے گھروں کو بھی نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اسرائیلی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میزائل حملے کا جواب دینے کے لئے اسرائیلی منصوبہ تیار ہے، حملے میں ایرانی عہدے داران کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے، یہ اس کارروائی کا رد عمل ہو گا جس میں حزب اللہ نے چند روز قبل ایک ڈرون طیارے کے ذریعے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو ان کے گھر پر نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔

مذکورہ چینل کے مطابق اسرائیلی فوج اور خارجہ انٹیلی جنس کے ادارے نے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے سامنے جوابی کارروائی کا منصوبہ پیش کیا، اس منصوبے کی تفصیلات کے بارے میں صرف چند عہدے داران جانتے ہیں۔

چینل کی رپورٹ کے مطابق منصوبے میں حملے کے حوالے سے وسیع آپشن موجود ہیں، ان میں تیل کی تنصیبات، فوجی و حکومتی اہداف اور ایرانی عہدے داران کے گھر بھی شامل ہیں۔

چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران پر حملے میں اسرائیلی فضائیہ کے جو ہواباز شریک ہوں گے انہیں کارروائی سے تھوڑا وقت پہلے تفصیلات اور اہداف کے بارے میں بتایا جائے گا۔

اسرائیلی چینل نے واضح کیا کہ حملے میں لڑاکا طیاروں اور ایندھن فراہم کرنے والے طیاروں کے علاوہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے استعمال کئے جانے کا امکان ہے۔