تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ایران کو یورینیم کی افزودگی سے نہیں روک سکتا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کے دوران کہا کہ ایران ایسے تمام دباؤ کو مسترد کرتا ہے اور اپنے اس حق پر قائم ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین ہر ملک کو پر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے متعلق سائنسی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں۔
انہوں نے باور کرایا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں، نہ ماضی میں ایسا چاہا نہ مستقبل میں ایسا ارادہ رکھتا ہے، کیونکہ یہ ایران کے عقیدے کے خلاف ہے تاہم وہ طبی، زرعی، صنعتی اور سائنسی مقاصد کے لیے افزودگی سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا۔
یاد رہے کہ12 اپریل سے عمان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطح کی بات چیت جاری ہے، جس میں یورینیم کی افزودگی اہم تنازع ہے، ایران اور امریکہ نے حال ہی میں روم میں مذاکرات کا پانچواں دور مکمل کیا، جس میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی،تاہم دونوں ممالک نے مزید بات چیت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔