ویتنام میں صرف 2 بچے پیدا کرنے کی پابندی ختم کردی گئی

Published On 05 June,2025 06:32 pm

ہنوئی: (ویب ڈیسک) ویتنام میں آبادی کو کنٹرول کرنے کے قوانین میں تبدیلی کرکے 2 سے زائد بچے پیدا کرنے پر پابندی ختم کردی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویتنام نے گرتی ہوئی شرح پیدائش کے باعث اب 2 بچوں کی پالیسی کو ختم کردیا ہے اور اب ہر جوڑے کو 2 سے زائد بچے پیدا کرنے کی اجازت ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ویتنامی وزیر صحت نے کہا کہ مستقبل میں گرتی ہوئی آبادی ویتنام کی معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ طویل مدت میں ملک کے دفاع اور سکیورٹی کے لیے بھی خطرے کا باعث ہوگی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 1999 سے سال 2022 کے درمیان فی عورت شرح پیدائش 2.1 تھی جب کہ سال 2024 میں یہ شرح کم ہوکر فی عورت 1.91 بچے ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آبادی کو کم ہونے سے روکنے کے لیے شرح پیدائش بڑھانے کی ضرورت تھی مگر یہ بڑھنے کے بجائے کم ہوگئی۔