ایران سے دو لاکھ 30 ہزار سے زائد پناہ گزین افغانستان واپس

Published On 01 July,2025 08:31 am

کابل: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت نے بتایا ہے کہ جون کے مہینے میں دو لاکھ 30 ہزار سے زائد افغان شہری ایران سے واپس اپنے وطن پہنچ چکے ہیں، جن میں سے اکثریت کو تہران حکومت نے ملک چھوڑنے پر مجبور کیا۔

تنظیم کے ترجمان اواند عزیز آقا کے مطابق یکم جون سے 28 جون کے درمیان دو لاکھ 33 ہزار 941 افغان شہری ایران اور افغانستان کی سرحد عبور کر کے وطن لوٹے، ان میں سے صرف 21 سے 28 جون کے دوران ایک ہی ہفتے میں ایک لاکھ 31 ہزار 912 افراد واپس آئے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 6 لاکھ 91 ہزار 49 افغان شہری ایران سے واپس آ چکے ہیں، جن میں سے 70 فیصد کو زبردستی واپس بھیجا گیا۔

ان افغان شہریوں میں بہت سے وہ لوگ بھی شامل ہیں جو یا تو ایران میں پیدا ہوئے یا کئی سالوں سے وہاں مقیم تھے۔

اقوام متحدہ کے مطابق حالیہ ہفتوں میں ان کی واپسی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، صرف گزشتہ ہفتے بعض دنوں میں 30 ہزار سے زائد افراد نے سرحد عبور کی، تاہم اب یہ تعداد کم ہو کر روزانہ چھ سے سات ہزار کے درمیان رہ گئی ہے۔

اس کے باوجود امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی بڑے پیمانے پر جبری واپسی کا سلسلہ دوبارہ تیز ہو جائے گا کیونکہ تہران نے گزشتہ ماہ تقریباً 40 لاکھ غیر قانونی افغان شہریوں کو 6 جولائی تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔