بگوٹا: (ویب ڈیسک) اسرائیل سے تعلقات منقطع کرنے کے بعد کولمبیا نے اپنی پہلی جنگی رائفل تیار کرلی۔
کولمبین حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملک کی پہلی رائفل تیار کی ہے جو مکمل مقامی طور پر بنائی گئی ہے، یہ رائفل سرکاری ہتھیاروں کے مینوفیکچرر ادارے انڈومل نے تیار کی ہے اور یہ رائفل اسرائیلی ساختہ رائفل گلیل کے مقابلے سستی اور وزن میں بھی ہلکی ہے۔
انڈومل کے مینیجر نے بتایا کہ اس کا مقصد 5 برسوں میں 4 لاکھ ہلکی اور سستی رائفلیں تیار کرنا اور آہستہ آہستہ مسلح افواج میں موجودہ ہتھیاروں کو تبدیل کرنا ہے۔
اس سے قبل کولمبیا 90 کی دہائی سے اسرائیلی مصنوعات کا استعمال کرتے ہوئے رائفل اسمبل کیا کرتا تھا تاہم سال 2024 میں کولمبیا نے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں جاری قتل عام پر اسرائیل سے اپنے تعلقات منقطع کردیے تھے۔