جنوبی کوریا میں سائبرفراڈ میں ملوث 45 ملزم گرفتار

Published On 21 October,2025 03:42 am

سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں سائبر فراڈ میں ملوث 45 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی پولیس نے اعلان کیا کہ کمبوڈیا سے ڈی پورٹ کیے گئے درجنوں مشتبہ افراد کے خلاف سائبر فراڈ آپریشنز میں ملوث ہونے کے الزامات پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چُنگ نام صوبے کی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایاکہ یہ یقین ہونے پر کہ ملزمان کی حراست ضروری ہے، ہم نے تمام 45 مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست دی ہے تاہم پولیس اہلکار نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

پولیس کے مطابق 64 جنوبی کوریائی شہریوں کو جو کمبوڈیا میں سائبر فراڈ نیٹ ورکس میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار کیے گئے تھے ہفتے کے روز وطن واپس لایا گیا، یہ تمام افراد جیسے ہی چارٹرڈ پرواز میں سوار ہوئے، جنوبی کوریائی حکام نے انہیں حراست میں لے لیا اور طیارے سے ہتھکڑیاں لگا کر اتارا۔

ان میں سے 45 ملزمان کو جنوبی مغربی صوبے چُنگ نام بھیجا گیا جبکہ باقی 19 افراد کو دیگر علاقوں میں منتقل کر دیا گیا، سیئول حکومت کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک ہزار جنوبی کوریائی شہری کمبوڈیا میں جاری سائبر فراڈ مراکز میں کام کرنے والوں میں شامل ہیں۔