لاہور: (دنیا نیوز) دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کرلی۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کی جانب سے ملنے والا 111 رنز کا ہدف 13.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا، صائم ایوب 71 اور بابر اعظم 11 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ صاحبزادہ فرحان 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 31, 2025
قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونیوالے ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 110 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ریزا ہنڈریکس اننگز کی دوسری ہی گیند پر سلمان مرزا کی شاندار اندر آتی ہوئی گیند کو سمجھ نہ سکے اور کلین بولڈ ہو کر پویلین واپس لوٹے، ڈی کاک اور ٹونی ڈی زورزی 7،7 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، میتھیو بریٹزکے 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 31, 2025
پروٹیز کی پانچویں وکٹ 49 کے مجموعی سکور پر گری جب ڈیوالڈ بریوس 25رنز بنا کر چلتے بنے، ڈونووان فریرا 15 رنز ، جارج لنڈسے اور ناندرے برگر 9، 9 رنز جبکہ اوٹنیل بارٹ مین 12 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر فہیم اشرف نے 4، سلمان مرزا 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، نسیم شاہ نے 2 جبکہ ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 31, 2025
ٹاس کے موقع پر کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا اور ان کی جگہ فاسٹ باؤلر سلمان مرزا کو پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں مہمان جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے تھی، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز ٹیم کے 195 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19ویں اوور میں 139رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ کل لاہور قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔



