کینیڈین حکومت نے خالصتان ریفرنڈم کے انعقاد کی اجازت دے دی

Published On 17 November,2025 12:39 am

اوٹاوا: (دنیا نیوز) کینیڈا کی حکومت نے 23 نومبر کو خالصتان ریفرنڈم کے انعقاد کی اجازت دے دی جس کیلئے امریکا، یورپ اور دیگر ممالک سے ہزاروں سکھ کینیڈا پہنچنا شروع ہو گئے۔

خالصتان ریفرنڈم اوٹاوا کی بلنگز اسٹیٹ میں قومی تاریخی مقام پر ہوگا، سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ریفرنڈم کے انعقاد کی اجازت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم بھارتی پنجاب کو آزاد ی دلانے کا قانونی اور جمہوری عمل ہے، ریفرنڈم کی منظوری سکھوں کے جمہوری اور پر امن اظہار رائے کے حق کی توثیق ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23 نومبر کا ریفرنڈم سکھ قوم کے حق خودارادیت کیلئے اہم مرحلہ ہے، 24 نومبر کو سکھ کمیونٹی جمہوری طریقہ ووٹ سے اپنے سیاسی حق کا اظہار کرے گی، خالصتان ریفرنڈم ایک پر امن اور مکمل طور پر قانونی عمل ہے ، سکھ ووٹرز بلنگز اسٹیٹ پہنچیں اور پرامن، جمہوری انداز میں ووٹ ڈالیں۔