ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی کمپنی نے نئے خود کش ڈرون کی پیداوار شروع کر دی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس کی سرکاری دفاعی کارپوریشن روسٹیک (Rostec) کے سی ای او سرگئی چیمی زوف نے کہا ہے کہ کارپوریشن نے ایک ایساجدید لوئٹرنگ بارود (خودکش ڈرون) تیار کر کے اس کی پیداروار شروع کر دی ہے جو نیٹو کے ہاؤٹزرز، ایچ آئی ایم اے آر ایس لانچرز اور دیگر اہداف کو تقریباً یقینی طور پر نشانہ بنا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس نئے ڈرون کا ڈیزائن گزشتہ سال مکمل ہوا تھا اور اب یہ سلسلہ وار پیداوار میں ہے اور محاذ جنگ پر استعمال بھی ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق یہ ڈرون درجنوں کلومیٹرتک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس کے وارہیڈ کا وزن کئی کلوگرام ہے، جو نیٹو کے ہاؤٹزرز، کاؤنٹر بیٹری ریڈار، ایچ آئی ایم اے آر ایس سسٹمز، بکتر بند گاڑیوں اور کمانڈ پوسٹس سمیت مختلف اہم فوجی اہداف کو تقریباً سو فیصد درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سرگئی چیمی زوف نے بتایا کہ روسٹیک پہلے سے موجود جاسوسی یو اے ویز(UAVs) کی بنیاد پر حملہ آور ڈرونز بھی تیار کررہی ہے۔



