کراچی: (روزنامہ دنیا) عید الفطر کے بعد قیمتوں میں اچانک تیزی، بھنڈی200، کریلے 160، ٹماٹر90 اور آلو 80 روپے کلو میں فروخت، سبزیوں کی قیمتیں زیادہ ہونے سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔
گوشت، مرغی اور دودھ کی قیمتوں کے بعد سبزیوں کے نرخ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اور سبزیاں بھی اب عوام کی دسترس سے باہر ہوگئی ہیں۔ کراچی شہر میں اس وقت بھنڈی کی قیمت 160 تا 200 روپے کلو تک پہنچ گئی جبکہ آلو 80 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے، کریلے فی کلو 140 تا 160 روپے، بیگن 80 روپے اور ٹماٹر 70 تا 90 روپے کلو میں فروخت ہورہے ہیں۔
سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کو پریشان کردیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ گوشت اور مرغی پہلے ہی عوامی دسترس سے باہر ہیں اور اب سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نے کھانے پینے کے بھی لالے لگا دیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم نرخوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کی نئی لہر نے عوام کو مالی مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
دوسری جانب سبزی منڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی کی کمی اور آف سیزن کے باعث سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ بھنڈی کی قیمت آف سیزن ہونے کے باعث زیادہ ہے جو کہ نئی فصل مارکیٹ میں آنے کے بعد معمول کی سطح پر آجائیگی جبکہ پانی کی قلت کے باعث نہ صرف دیگر سبزیوں کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے بلکہ سبزیوں کے معیار میں بھی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ مون سون میں بارشوں کے بعد شدید دھوپ سے بھی سبزیوں کی نشوونما پر اثرات مرتب ہوتے ہیں، اندرون سندھ بارشوں کے باعث بھی سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا جس کی وجہ سے سبزیوں کی ترسیل میں کمی واقع ہوئی۔