بجٹ میں سیمنٹ پر ڈیوٹی بڑھانے سے بوری 80 روپے تک مہنگی

Last Updated On 18 June,2019 12:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بجٹ میں سیمنٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کے اثرات سامنے آنے لگے، ملک بھر میں سیمنٹ کی فی بوری 80 روپے تک مہنگی ہو گئی۔

عوام کو گھر بنانا اب مزید مہنگا پڑے گا کیونکہ ملک بھر میں سیمنٹ اب مزید مہنگا ہو گیا، کراچی سے اسلام آباد تک سیمنٹ کی فی بوری قیمت میں 80 روپے تک اضافہ ہو گیا، ادارہ شماریات کے مطابق کراچی میں سیمنٹ کی بوری 10 روپے اضافے سے 635 روپے، حیدر آباد میں 30 روپے اضافے سے 660 روپے، پشاور میں 15 روپے اضافے سے 535 روپے، اسلام آباد میں 30 روپے 550 روپے، ملتان میں 60 روپے اضافے سے 540 روپے، سیالکوٹ میں 40 روپے اضافے سے 550 روپے اور بہاولپور میں 80 روپے اضافے سے 580 روپے میں سیمنٹ کی بوری فروخت ہو رہی ہے۔


نئے بجٹ میں حکومت نے سیمنٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو ڈیڑھ روپے سے بڑھا کر دو روپے کردیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سیمنٹ کی پیداوار میں درآمدی کوئلے کا وافر مقدار میں استعمال ہوتا ہے، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے درآمدی کوئلہ مہنگا ہوگیا ہے یہی وجہ ہے کہ سیمںٹ کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔