نیپرا نے بجلی 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

Published On 15 June,2022 11:21 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، نیپرا اعدادوشمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گا۔

بجلی کمپنیوں نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی بیالیس پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی جس پر نیپرا نے آج سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، بجلی کی قیمت میں اضافہ بیالیس پیسے فی یونٹ بنے گا اور صارفین سے اضافی وصولی تین ماہ کیلئے ہوگی، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے دس ارب چون کروڑ روپے سے زائد کی ایڈجسٹمنٹ مانگی تھی، ٹیسکو نے چار ارب چونتیس کروڑ، پیسکو دو ارب سات کروڑ، گیپکو ایک ارب ستانوے کروڑ، آئیسکو ایک ارب، میپکو ایک ارب اسی کروڑ اور حیسکو نے ایک ارب اکیانوے کروڑ روپے وصولیوں کی درخواست کی تھی۔

نیپرا حکام نے کہا کہ بجلی کمپنیوں نے مکمل اعداد و شمار نہیں دیئے، چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ ڈسکوز کا ایک ہی کام ہے وہ ہے بجلی بیچنا اور بجلی کمپنیاں ایک ہی کام کو بھی صحیح طریقے سے نہیں کرسکتیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی ان لمٹیڈ کیش سہولت کے ساتھ اے ٹی ایم تو نہیں کھولے بیٹھے، انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کی ریکوریز کی شرح پچاسی فیصد ہے، باقی سرکلر ڈیٹ کا حصہ بنتا ہے، روپیہ ڈالر کے مقابلے میں آدھا رہ گیا ہے ،بجلی گھروں سے جو معاہدے کئے ہیں وہ تو اداکرنے ہیں، چیئرمین نیپرا نے کہاکہ نیپرا نے ہر سطح پر ایشو اٹھایا ہے کہ کمپنیوں کی نجکاری کی جائے۔ 

Advertisement