وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمت میں 3.50 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی

Published On 26 July,2022 02:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے تین روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں 26 جولائی سے 3 روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگست سے 3 روپے 50 پیسے اور اکتوبر میں 91 پیسے کا اضافہ ہوگا جبکہ نومبر سے توانائی کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی اور دسمبر تک بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے تک ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگلے چند ماہ مشکل ہیں غریب ترین صارفین کو تحفظ دیا گیا ہے، غریب ترین شہریوں کے لیے ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔

خرم دستگیر نے کہا کہ ایک سے 50 یونٹ، پھر ایک سے 100 یونٹ اور 200 یونٹ تک اضافہ نہیں ہوگا۔

وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ اضافے کا بہت سا حصہ فیول سرچارج بن کر بلوں میں آرہا ہے، ٹیرف کی آخری دفعہ معیاد فروری میں کی گئی تھی، فیول سرچارج کی مد میں کمی آگئی ہے یہ ٹیرف کی مد میں ہوگیا۔

خرم دستگیر نے بتایا کہ ہم اپنے اندرونی ایندھن پر انحصار کریں گے، نئی شمسی توانائی کا اعلان بھی وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے، شمسی توانائی کا منصوبہ بھی ایک بڑے سکیل پر لگے گا۔