کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے باسیوں کیلئے خوشخبری، کے ایم سی کی تمام پارکنگ سائٹس پر کل سے پارکنگ مفت ہوگی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رواں سال فروری میں شہریوں کے لیے پارکنگ مفت کرنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا کہ پارکنگ فیس ختم کرنے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری کرکے پارکنگ فیس کا بوجھ شہریوں سے ہٹا دیا جائے گا، کے ایم سی کو 4 سے 5 کروڑ روپے کی پارکنگ فیس کی ضرورت نہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ اب کے ایم سی اپنے پیروں پر کھڑی ہے، 106 مرکزی سڑکوں میں سے 46 پر پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم، پارکنگ کے نام پر غیرقانونی پیسے لینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سہولت دینا ہماری اولین ترجیح ہے، کے ایم سی کے مالی حالات اب مکمل طور پر مستحکم ہو چکے ہیں۔
حکام نے کہا کہ 6 کنٹونمنٹ بورڈز میں پارکنگ فیس کا فیصلہ اب تک نہیں ہوا، میئر کراچی نے پارکنگ کے ٹھیکوں کی قانونی مدت 30 جون کو ختم ہونے پر مفت پارکنگ کا اعلان کیا تھا۔