عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے سدھو کو ویزا جاری

Last Updated On 13 August,2018 08:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے سابق بھارتی کرکٹر نووجوت سنگھ سدھو کو پاکستان کا ویزا جاری کر دیا گیا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر سدھو نے رہنما پی ٹی آئی فیصل جاوید کو فون کیا اور کہا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ویزا جاری ہوگیا ہے، 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں۔

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے، سدھو ویزہ کے حصول کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن پہنچے جہاں انہیں ویزہ جاری کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان بطور وزیراعظم پاکستان اٹھارہ اگست کو ایوان صدر اسلام آباد میں حلف اٹھائیں گے۔

سدھو کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ذاتی ہے، سیاسی نہیں، عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں، وہ زبردست شخص ہیں، ان کی گرمجوشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کھلاڑی اورآرٹسٹ رکاوٹوں کو توڑ سکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جو دعوت نامہ جاری کیا گیا ہے ان میں درج ہے کہ یہ ہمارے لیے انتہائی مسرت کی بات ہے کہ آپکو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی بطور وزیراعظم پاکستان حلف اٹھانے کی تقریب میں مدعو کیا جارہاہے، جو کہ اٹھارہ اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی، ہماری خواہش ہے کہ اس تاریخی موقع پر آپ موجود ہوں۔