لاہور: (دنیا نیوز) نوجوت سنگھ سدھو نے سینیٹر فیصل جاوید کو فون کر کے پاکستان سپرلیگ اور آئی پی ایل کی فاتح ٹیموں کے درمیان سیریز کی تجویز دے دی، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں سدھو نے جرات کا مظاہرہ کیا۔
بھارت ایک قدم آگے بڑھے ہم دو قدم آئیں گے، وزیر اعظم عمران خان اعلان کے بعد کرکٹ کے ذریعے پاک بھارت تعلقات بہتر کرنے کی کوششیں نظر آنے لگیں۔ عمران خان کی دعوت پر پاکستان آنے والے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی واپس جا کر کرکٹ کے ذریعے محبت کا پیغام بھجوا دیا۔
سابق بھارتی کرکٹ لیجنڈ نے حکومتی سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاک بھارت کرکٹ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نوجوت سدھو نے پی ایس ایل اور آئی پی ایل کی فاتح ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ اور چنئی سپرکنگ کے درمیان تین میچز کی سیریز کرانے کی تجویز دے دی، دونوں میں طے پایا کہ نوجوت سدھو بی سی سی آئی جبکہ فیصل جاوید پی سی بی سے بات کریں گے۔
فیصل جاوید کہتے ہیں معاملات فائنل ہونے پر وینیو اور تاریخوں کا فیصلہ کیا جائے گا، فیصل جاوید نے وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں خصوصی شرکت پر سدھو کو عمران خان کی جانب سے شکریہ کا پیغام پہنچایا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے
کہا کہ سدھو نے جرات کا مظاہرہ کیا، شاہد آفریدی نے بھی نوجوت سدھو کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کیا ہے، اپنے ٹویٹ میں بوم بوم نے کہا دونوں ممالک امن قائم کرکے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔