ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں:حسن علی

Last Updated On 07 September,2018 03:39 pm

لاہور( روزنامہ دنیا )کسی بھی حریف کو آسان نہ سمجھنے والے قومی پیسر حسن علی ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے کیلئے پرجوش ہیں، جن کا کہنا ہے کہ و ہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہیں، بھارت سمیت تمام ٹیموں کیخلاف اچھی کارکردگی پیش کریں گے۔

ویرات کوہلی مقابل نہیں ہوں گے لیکن سامنا ہونے پر ان کی وکٹ اولین ترجیح ہو گی،ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں،طویل فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں،تینوں طرز کی کرکٹ میں نمائندگی کیلئے بھرپور فٹنس درکار ہوتی ہے لہٰذا اس جانب توجہ مرکوز ہے۔

گزشتہ روز قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران قومی فاسٹ باؤلر حسن علی کا کہنا تھا کہ انہیں تھوڑی سی مایوسی ہوئی کہ یواے ای میں انہیں ویرات کوہلی کیخلاف کھیلنے کا موقع نہیں مل سکے گا جو بہت اچھے پلیئر بلکہ ایک میچ ونر بھی ہیںلیکن مستقبل میں جب بھی ان سے سامنا ہوا تو ان کی وکٹ کا حصول اولین ترجیح ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں بھی بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے جس میں کئی اچھے کھلاڑی موجود ہیں لیکن ویرات کوہلی کے نہ ہونے سے فائدہ یہ ہوگا کہ وہ جس انداز سے دباؤ کا سامنا کرتے ہیں ان کا متبادل اس معیار کو قائم نہیں رکھ سکے گا۔