دبئی (روزنامہ دنیا) نیوزی لینڈ نے ایک درجہ ترقی کی بدولت سرفراز الیون کو سینچورین ٹیسٹ میں قابو کرنے والی جنوبی افریقہ سے تیسری پوزیشن چھین لی، بھارت نمبرون برقرار بالنگ درجہ بندی میں محمد عباس ٹاپ تھری میں شامل، یاسر شاہ کی 10ویں پوزیشن محفوظ، کگیسو ربادا کی حکمرانی کو چیلنج نہیں کیا جا سکا، شکیب سر فہرست آل راؤنڈر.
پروٹیز الیون پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کے باوجود تیسری پوزیشن کا دفاع نہ کر سکی اور تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئی۔بھارتی ٹیم پہلے نمبر پر براجمان ہے ۔نیوزی لینڈ نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ جنوبی افریقہ سے تیسری پوزیشن چھین لی۔پاکستان 92پوائنٹس لے کر ساتویں پوزیشن پر رہا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ جاری کر دی ۔ آسٹریلیا کیخلاف چار میچوں کی سیریز میں دو، ایک کی برتری حاصل کرنے والی ویرات کوہلی الیون نے 116پوائنٹس کی بدولت پہلی پوزیشن کے ساتھ سال کا اختتام کیا ۔ انگلش ٹیم 108 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے ۔ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو آخری ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز میں کامیابی کی بدولت ایک درجہ ترقی سے 107 پوائنٹس لے کر جنوبی افریقہ کو تیسری پوزیشن سے محروم کیا۔
آسٹریلیا نے بھارت سے دوٹیسٹ ہارنے کے باوجود 102ریٹنگ پوائنٹس کیساتھ پانچویں پوزیشن برقراررکھی ۔سرفراز احمد الیون کو سینچورین ٹیسٹ میں شکست دینے کے باوجود پروٹیز ٹیم 106ریٹنگ پوائنٹس کیساتھ چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ۔سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کے باوجود 93ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر برقرار رہی تاہم پاکستان کیساتھ اس کا فاصلہ کم ہوگیا جس نے 92ریٹنگ پوائنٹس کیساتھ ساتویں پوزیشن پر سال کا اختتام کیا۔ ویسٹ انڈیز 70ریٹنگ پوائنٹس کی بدولت آٹھویں نمبر پر موجود ہے ۔
بنگلہ دیش 69ریٹنگ کیساتھ نویں جبکہ زمبابوے 13ریٹنگ پوائنٹس کیساتھ 10ویں نمبر پر ہے ۔ بالنگ درجہ بندی میں پاکستانی پیسر محمد عباس نے تیسری پوزیشن کے ساتھ سال کا اختتام کیا۔لیگ اسپنر یاسر شاہ کی 10ویں پوزیشن محفوظ رہی ۔ جنوبی افریقی فاسٹ بالر کگیسو ربادا کی ٹاپ پوزیشن کو چیلنج نہیں کیا جا سکا ۔ انگلش پیسر جیمز اینڈرسن دوسرے نمبر پر رہے ۔ بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے اظہر علی نے 10ویں پوزیشن کو مستحکم کیا۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اپنی نمبرون پوزیشن کو برقرار رکھا۔آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ٹاپ پوزیشن پرہیں۔