لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے تین ٹی ٹونٹی میچز سیریز کے پہلے میچ کے دوران بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا اور سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش کے کپتان محموداللہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے ٹیم کو 71 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، تمیم اقبال 39 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد آنے والے بلے باز لٹن داس بھی 12 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جب کہ محمد نعیم 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔
کپتان محمد اللہ نے عفیف حسین کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن عفیف کو حارث رؤف نے بولڈ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا پہلا شکار کیا۔ سومیا سرکار 7 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے، کپتان محمد اللہ 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلا دیش کی طرف سے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور احسان علی نے کیا۔ گرین شرٹس کا آغاز مایوس کن اس وقت ثابت ہوا جب کپتان پہلے اوور کی دوسری گیند پر صفر رنز پر شفیع الاسلام کی گیند پر لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے۔
#SpiritOfCricket #PAKvBAN Scorecard: https://t.co/lFn4wEMVJP pic.twitter.com/krGjeTuov7
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 24, 2020
قومی ٹیم کو دوسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں اُٹھانا پڑا جب سینئر بیٹسمین 16 گیندوں پر 17 رنز بنا کر مستفیض الرحمن کی گیند امین الاسلام کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کو تیسرا نقصان احسان علی کی شکل میں اُٹھانا پڑا، ڈیبیو کرنے والے بیٹسمین 32 گیندوں پر 36 رنز بنا کر امین الاسلام کا شکار بن گئے۔ نجم الحسین شانتو نے کیچ تھاما۔ چوتھی وکٹ افتخار احمد کی گری، بیٹسمین 13 گیندوں پر 16 رنز بنا کر چلتے بنے۔ امین الاسلام نے وکٹ حاصل کی۔
18.1 اوورز میں 133 رنز پر پانچویں وکٹ گری۔ عماد وسیم 6 رنز بنا کر الاامین حسین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ قومی ٹیم نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کیا،پاکستان کی طرف سینئر بیٹسمین اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے فتح گر اننگز کھیلی، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ رضوان نے 5 رنز بنائے۔
واضح رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پاکستان میں آخری میچ 20 اپریل 2008 کو کراچی میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان کو 102 رنز سے فتح ملی، اب 11 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد پاکستان ایک بار پھر ہوم گراؤنڈ پر میزبانی کے فرائض انجا م دے رہا ہے۔