لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کے خلاف مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے سینئر بیٹسمین اور آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں فتح کا کریڈٹ باؤلرز کو جاتا ہے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شروع کے وقت میں میں نے دیکھا کہ گیند نئی گیند کو صرف غیر ذمہ دارانہ کی بجائے آرام سے کھیلنا ہو گا جس کے لیے میں نے اسی پلاننگ کو اپنایا۔
سینئر آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کی فتح کا کریڈٹ باؤلرز کو جاتا ہے، شروع کے اوورز میں انہوں نے اچھی باؤلنگ کر کے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آج فیلڈنگ بہت اچھی رہی، ہر کوئی اپنا کردار ادا کر رہا تھا۔ ہدف کے تعاقب کے دوران جب آپ بیٹنگ کر رہے ہوں تو اپنے آپ کو بڑا موقع دینا ہوتا ہے اور اچھی اننگز کھیلنا ہوتی ہے، اس دوران ہمیں صرف چند اوورز کو روک کر کھیلنا ہوتا ہے اور سنگل ڈبلز پر انحصار کرنا ہوتا ہے جس کے بعد ’بنچ پاور‘ آ کر ہدف کو مزید آسان کر دیتی ہے۔
مہمان ٹیم کے کپتان محمود اللہ کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اچھا میچ دیکھنے کو ملا، آج کی وکٹ نے ہمیں سرپرائز دیا، یہاں پر کھیلنا بہت مشکل ہو رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی باؤلرز نے اچھی باؤلنگ کی، ہم نے بیٹنگ کے دوران 15 رنز کم بنائے باؤلنگ کے دوران ہم نے بہت زیادہ باؤنڈریز کھائی جس کا ہمیں نقصان ہوا۔
مہمان کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیل کر ہمیشہ بہت اچھا لگتا ہے، اب ہماری نظریں اگلی میچ پر ہیں اور جیت کو ہدف بنائیں گے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے فتح بہت ضروری تھی، آج باؤلرز نے بہت شاندار انداز میں باؤلنگ کی، ہمیں یقین نہیں تھا کہ پچ اس طرح سلو ہو جائے گی، لیکن باؤلرز نے لائن اینڈ لینتھ پر رہتے ہوئے گیندیں کی جس کا ہمیں اچھا رزلٹ ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی جیت کا کریڈٹ ہمارے باؤلرز کو جاتا ہے، ہمیں ایک چیز میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے کہ پاور پلیز کے دوران کس طرح بیٹنگ کے ذریعے رنز بٹورے جائیں۔