آکلینڈ: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کےخلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے17 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، بابر اعظم اور امام الحق انجری کے سبب پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر، عمران بٹ کی انٹری، ٹیم کی قیادت قیادت محمد رضوان کریں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ منگنوئی میں شروع ہو گا، ٹور سلیکشن کمیٹی کے مطابق گزشتہ ہفتے کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ کے دوران گیند لگنے سے بابر اعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا جبکہ امام الحق کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہو گیا تھا، بابر اعظم کی عدم دستیابی کے باعث اسکواڈ کے نائب کپتان محمد رضوان ہفتے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ وہ کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33ویں کپتان ہوں گے، ٹیم میں سرفراز احمد، شاداب خان، عابد علی، اظہر علی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ سمیت محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز ہارنے پر مایوسی ہے، ہمیں اپنی انفرادی اور ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے صلاحیتوں میں نکھارلانے کی ضرورت ہے اور جتنی جلدی ہم ان شعبوں میں بہتری لے آئیں گے اتنا ہی ہمارے لیے بہتر ہوگا کیونکہ 2021 مصروف ترین سال ہے اور اس سال ہمیں 2 بڑے ایونٹس میں بھی شرکت کرنی ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے برعکس ہمارا ٹیسٹ اسکواڈ قدرے تجربہ کار ہے، ہمارے پاس تجربہ کار فاسٹ باؤلرز اور بیٹسمین موجود ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم طویل طرز کی کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے، مصباح الحق نے کہا کہ بلاشبہ پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز کے موقع پر بابراعظم کی انجری کو تقریباَ دو ہفتے گزر چکے ہوں گے تاہم نیٹ سیشنز کے بغیر میچ کے لیے واپسی ان کے اور ٹیم دونوں کے لیےایک سخت فیصلہ ہوگا، مجھے دیگر کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔