دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کیلئے نیا فٹنس ٹیسٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کھلاڑی فٹنس کو بہتر کرنے کیلئے برونکو ٹیسٹ میں حصہ لیا کریں گے، برونکو ٹیسٹ رگبی کھلاڑیوں کی فٹنس کی جانچ کیلئے لیا جاتا ہے۔
برونکو ٹیسٹ ہے کیا؟
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ برونکو ٹیسٹ کے ایک سیٹ میں بغیر رکے 20 میٹر، 40 میٹر اور 60 میٹر کی شٹل ریس لگانا ہوتی ہے، ایک کھلا ڑی کو بغیر بریک لیے ٹوٹل 5 سیٹ کرنے ہوتے ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے برونکو ٹیسٹ مکمل کرنے کا وقت 6 منٹ کا رکھا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق برونکو ٹیسٹ متعارف کرانے کی تجویز بھارتی سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ایڈریئن لی روکس نے دی، ایڈریئن چاہتے ہیں کہ فاسٹ باؤلرز صرف جم کی بجائے زیادہ رننگ کریں۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بھی برونکو ٹیسٹ کے حق میں ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ برونکو ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انگلینڈ کےخلاف سیریز میں کچھ فاسٹ باؤلرز کی فٹنس معیاری نہیں تھی، کچھ ٹاپ پلیئرز نے بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسیلینس میں پہلے ہی برونکو ٹیسٹ میں حصہ لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے یو یو ٹیسٹ بھی نافذالعمل ہے، یویو ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو مختص وقت میں 2 کلومیٹر کی رننگ کروائی جاتی ہے۔