نیویارک: (روزنامہ دنیا) امریکہ کی کولمبیا براڈ کاسٹنگ سروس نے جنسی تشدد کے الزامات پر امریکی اداکار کرس نوتھ کو اپنے شو "دا ایکولائزر" سے الگ کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کرس نوتھ اس سیریز کی صرف اگلی ایک قسط میں نظر آئیں گےجس کی فلمبندی پہلے ہی ہو چکی ہے۔ گذشتہ ہفتے "دا ہالی وڈ رپورٹر" نے ایک خبر چھاپی تھی جس میں "زوئی" اور "للی" جیسے فرضی ناموں سے خود کو متعارف کروانے والی دو خواتین نے کرس نوتھ پر جنسی زیادتی کے الزامات عائد کئے تھے۔
واضح رہے کہ ہالی وڈ میں اداکاراوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات مسلسل سامنے آتے رہے ہیں، خواتین کیساتھ شرمناک عمل اتنے بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے کہ خواتین کو "می ٹو" مہم شروع کرنی پڑی جس میں خواتین نے اپنے ساتھ پیش آنے والے نازیبا واقعات اور ملوث افراد کو سامنے لانے کا سلسلہ شروع کیا، یہ مہم خاصی کامیاب رہی تھی اور انسان کا نقاب پہنے کئی درندے سب کے سامنے بے نقاب ہوئے تھے۔