ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وُوڈ کی معروف گلوکارہ اور اداکارہ سُلاکشنا پنڈت دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔
ان کے بھائی اور مشہور موسیقار للت پنڈت نے ان کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ سُلاکشنا کو سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی، شام تقریباً 7 بجے انہیں دل کا دورہ پڑا، ہم انہیں ناناوتی ہسپتال لے جا رہے تھے، لیکن وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی چل بسیں۔
سُلاکشنا پنڈت نے 1975 میں فلم ’الجھن‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے سنجیو کمار کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا، اس کے بعد وہ اپنے دور کے کئی بڑے ستاروں راجیش کھنہ، ششی کپور اور ونود کھنہ کے ساتھ مختلف فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔
اداکارہ کے طور پر ان کی نمایاں فلموں میں ہیرا پھیری، خاندان، دھرم کانٹا، دو وقت کی روٹی، سنکوچ اور گورا شامل ہیں، 1978 میں انہوں نے بنگالی فلم بندی میں معروف اداکار اتتم کمار کے ساتھ بھی کام کیا۔
اداکاری کے ساتھ سُلاکشنا پنڈت ایک معروف گلوکارہ بھی تھیں، انہوں نے ہندی، بنگالی، مراٹھی، اڑیہ اور گجراتی زبانوں میں گانے گائے، ان کے مشہور گانوں میں ’تو ہی ساگر تو ہی کنارہ، پردیسیا تیرے دیس میں، بےقرار دل ٹوٹ گیا، سونا رے تجھے کیسے ملوں، جب آتی ہوگی یاد میری، یہ پیار کیا ہے‘ شامل ہیں۔
سُلاکشنا پنڈت کا تعلق ہریانہ کے ضلع حصار کے ایک معروف موسیقار گھرانے سے تھا، وہ بھارت کے مشہور کلاسیکی موسیقار پنڈت جسراج کی بھتیجی تھیں، انہوں نے 9 سال کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا اور اپنے بھائی مندھیر پنڈت کے ساتھ موسیقی کے سفر کا آغاز کیا۔
سلاکشنا کے دیگر بہن بھائیوں میں معروف موسیقار جوڑی جتن للت پنڈت اور اداکارہ وجیاتا پنڈت شامل ہیں۔



