اسلام آباد: (دنیا نیوز) العزیزیہ اور فلیگ شپ ضمنی ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں، استغاثہ کے پانچ گواہ بھی آج نیب کورٹ میں بیان ریکارڈ کرائیں گے جس پر وکیل صفائی جرح کرینگے۔
احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں نواز شریف نے کہا سب کے ایک ہی جگہ جھکنے کی وجوہات سامنے آنی چاہییں، نگران حکومت آئین سے بالاتر ہو کر کوئی کام نہیں کر سکتی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کل بھی کہا تھا کہ کیا وجہ تھی بنی گالہ والے ایک ہی دربار پر جا کر جھک گئے ، کراچی سے آنے والے بھی سنجرانی کے دربار پر جا کر جھک گئے۔ انہوں نے کہا جی پی ایس کی طرح ہر کوئی ایک ہی جگہ پر جا پہنچا، سب کے ایک ہی جگہ جھکنے کی وجوہات عوام کے سامنے آنی چاہیں۔
سابق وزیراعظم نے صحافی کے الیکشن سے متعلق سوال پر جواب دیا اب نہ وہ وقت رہا ہے اور نہ ہی حالات ، دنیا اب بہت آگے چلی گئی ہے۔ نگران سیٹ اپ کے سوال پر نواز شریف نے کہا نگران حکومت آئین سے بالاتر ہو کر کوئی کام نہیں کر سکتی۔