واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب

Last Updated On 23 March,2018 09:01 pm

تفصیلات کے مطابق یومِ پاکستان (23 مارچ) کے روز واہگہ بارڈر اور گنڈا سنگھ بارڈر پر روزانہ کی طرح سورج غروب ہونے سے قبل پرچم اتارنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں خواتین، بچوں، بزرگوں، جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شاندار تقاریب نے یوم پاکستان کا جوش و جذبہ دوبالا کر دیا، قدم سے قدم ملاتے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارتے رینجرز کے جوانوں نے دشمن پر لرزہ طاری کئے رکھا۔اللہ اکبراور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے پاکستانی بھی ارض پاک کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ناکوں چنے چبوانے کا پیغام دیتے رہے۔

واہگہ بارڈر پر پریڈ کا پنڈال عوام سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا جہاں حاضرین کا جذبہ حب الوطنی عروج پرتھا، ہزاروں شہری پاک افواج کے مختلف دستوں اور بینڈز کی پرفارمنس پر خوشی سے سرشار ہو کر نعرے لگاتے اور تالیاں بجاتے رہے۔ پنڈال میں سبزہلالی پرچموں کی بہار بھی نظر آرہی تھی۔