ایف بی آر کے تمام اعلیٰ افسروں سے لگژری گاڑیاں واپس لینے کا فیصلہ

Last Updated On 27 April,2018 03:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر کے اعلی افسران سے لیگژری گاڑیاں واپس لینے کا فیصلہ، 30 اپریل تک عمل درآمد یقینی بنانے کا مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تمام آر ٹی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایسے افسران جو بڑی لگژری گاڑیوں کے اہل نہیں ان سے یہ گاڑیاں فوری واپس لی جا رہی ہیں اور لینڈکروزر، پراڈوز، ڈبل کیبن گاڑیاں واپس لی جا رہی ہیں۔

آر ٹی آوز کو 30 اپریل تک تفصیلات جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ بڑی گاڑیاں رکھنے والے افسران تمام گاڑیاں کسٹمز کے وئیر ہاوس میں 30 اپریل تک جمع کرانے کے پابند ہیں تاہم آپریشن ونگ کے افسران کے لیے استعمال ہونیوالی ڈبل کیبن گاڑیاں رکھی جاسکتی ہیں۔