اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے ٹانگیں کھینچنے والے ٹانگیں کھینچتے رہے ہیں، حکومت کو کام کرنے ہی کب دیا گیا ہے، 10، 20 سال مل جائیں تو پاکستان کی تصویر بدل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے ایجنڈے سے پاکستان ایک نیا پاکستان بن جاتا، ن لیگ نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پر کام کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مرکز اور پنجاب نے جو کام کیا اس کا کوئی مقابلہ نہیں، پنجاب کا دوسرے صوبوں سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا فیتہ نہیں کاٹ سکا لیکن ترقیاتی کام تو ہو رہے ہیں، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا پنجاب سے موازنہ کر لیں۔
نواز شریف نے عمران خان کے مینار پاکستان جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا جلسہ لاہور دا، مجمع پشور دا اور ایجنڈا کسی ہور دا، یہ عمران خان کی اصولی سیاست کی منہ بولتی تصویر ہے، یہ نعرے کئی سال سے سن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان نے جو خیبر پختونخوا میں کیا وہ دنیا کوپتہ ہے، الیکشن میں کارکردگی پر بات ہوگی۔
قبل ازیں احتساب عدالت میں نواز شریف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت اور چین آپس میں دوستی کر رہے ہیں، افسوس کہ ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، مجھے خوشی ہے کہ میرے دل پر کوئی بوجھ نہیں۔