گاڑی کی موٹر سائیکل سے ٹکر، امریکی سفارتخانے کے سیکورٹی آفیسر کیخلاف مقدمہ درج

Last Updated On 30 April,2018 04:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی سیکنڈ سیکرٹری کی گاڑی سے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مارنے کا معاملہ، امریکی سفارتخانے کے سکیورٹی آفیسر تیمور پیرزادہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکیورٹی آفیسر نے ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکاروں کو دھکے دئیے، تیمور پیرزادہ نے حملہ کر کے گاڑی اور ڈرائیور کو موقع سے فرار کرانے کی کوشش کی۔ مقدمہ میں کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی سفارتخانے کے سیکنڈ سیکرٹری چاڈ ریکس کی جیپ کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد زخمی ہوئے، امدادی ٹیموں نے دونوں زخمیوں کو فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا۔

واقعے کے فوراً بعد سیکنڈ سیکرٹری نے خود کو گاڑی میں بند کر لیا۔ 15 منٹ کے بعد پولیس گاڑی کا دروازہ کھلوانے میں کامیاب ہو ئی اور سفارتکار کو گاڑی کے ساتھ تھانے منتقل کر دیا۔ بعد میں امریکی سفارتکار کو رہا کر دیا گیا، پولیس نے وزارت خارجہ کی تصدیق کے بغیر رہائی سے انکار کیا تھا۔