اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری کا کہنا ہے نواز شریف نے ہمیں ہر موقع پر بیچا، ہم سیاست اور وہ تجارت کرتے رہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملالیا، اب بھگتیں، کسی صورت ہاتھ نہیں ملائیں گے۔
سابق صدر آصف زرداری نے سینیئر قائدین اور بااعتماد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا نواز شریف نے ہر موقع پر اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا، انہوں نے مشرف کے مواخذے کا اعلان کیا تو نواز شریف پیچھے ہٹ گئے اور مواخذے کیلئے شرائط عائد کر دیں۔
آصف زرداری نے بتایا کہ نواز شریف نے مشرف پر غداری کا مقدمہ بنایا اور یقین دلوایا کہ وہ مشرف کو جانے نہیں دیں گے مگر انہوں نے مشرف کو باہر بھجوا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اینٹ والے بیان کا فائدہ اٹھا کر نواز شریف نے راحیل شریف سے معاملات سیدھے کرنے کی کوشش کی اور سندھ میں نیب کے ذریعے کارروائیاں بھی نواز شریف کے کہنے پر ہوئیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف کو جتنا بھولا سمجھتے ہیں وہ اس سے کہیں زیادہ موقع پرست ہیں، اب کسی صورت نواز شریف سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔