اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) نیب ہیڈ کوارٹر سے کرپشن مقدمات کی اہم دستاویزات چرانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، نیب افسر کیخلاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔
قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب کے سکیورٹی گارڈ عابد حسین کو اپنے فرائض انتہائی ایمانداری، ذمہ داری، حاضر دماغی اور قانون کے مطابق سرانجام دینے اور نیب ہیڈ کوارٹر کی عمارت سے کچھ انتہائی حساس اور اہم نوعیت کے سرکاری کاغذات باہر لے جانے کی کوشش کو ناکام بنانے پر تعریفی سرٹیفکیٹ اور 10 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق کوئی بھی دستاویز چیکنگ کے بعد ہی نیب آفس سے باہر لے جانے کی اجازت دی جاتی ہے اور گارڈ نے چیکنگ کے بعد افسر کو ان دستاویزات کو باہر لیجانے سے روکا جس کے بعد معاملہ چیئرمین نیب کے نوٹس میں لایا گیا، ذرائع نے مزید بتایا کہ دستاویزات پاناما کیس کے حوالے سے تھیں، چیئرمین نیب نے نیب ہیڈ کوارٹر کی عمارت سے انتہائی حساس اور اہم نوعیت کے سرکاری کاغذات باہر لے جانے کی کوشش کرنے والے افسر کے خلاف انکوائری کا حکم دیا ہے۔
آن لائن کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹر سے شریف خاندان اور پنجاب حکومت کی کرپشن مقدمات کی 20 سے زائد فائلیں چرانے کی کوشش کی گئی ہے، پنجاب کی بیوروکریسی کی کرپشن کا ریکارڈ چرانے کے بعد ضائع کرنے میں ملوث نیب کے ایک درجن سے زائد افسران کیخلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔