لاہور: (روزنامہ دنیا) حساس اداروں نے خبردار کیا ہے کہ شہر میں خود کش بمبار داخل ہو چکا ہے اور وہ کسی بھی وقت کسی بھی عمارت کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
حساس اداروں کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان فضل اللہ گروپ نے شہر میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کی ہے اور ایک خود کش بمبار بھی لاہور میں داخل ہو چکا ہے۔
دہشت گرد حساس عمارتوں، غیر ملکی باشندوں اور سرکاری افسران کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی کی جانب ہوم سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھیجے گئے تھریٹ الرٹ میں دہشت گردی کے خطرے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
تھریٹ لیٹر کے بعد پنجاب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔