اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزارتِ اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کا ہیڈ کوارٹرز طویل عرصے کیلئے لیز پر دینے کی تجویز دے دی۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری کی جانب سے وزیرِاعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین اور وزارتِ منصوبہ بندی کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی فائیو میں واقع ریڈیو پاکستان کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارت کو طویل مدت کے لئے لیز پر دے دیا جائے۔ پی بی سی کا ہیڈ کوارٹرز یہاں سے سیکٹر ایچ نائن میں واقع ریڈیو پاکستان اکیڈمی کی عمارت میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ وزارت اطلاعات نے دونوں اداروں سے اس تجویز پر رائے طلب کی ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عشرت حسین ریڈیو پاکستان کی تنظیم نو کے لئے کام کر رہے ہیں، اس لئے ان سے رائے مانگی ہے کیونکہ وزارت اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی میڈیا یونیورسٹی قائم کرنا چاہتی ہے کیونکہ اعلیٰ معیار کی یونیورسٹی کے بغیر ہم دوسروں پر انحصار کرتے رہیں گے۔
فواد چودھری نے واضح کیا کہ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز کی عمارت کو لیز پر دینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ پی ٹی وی کو اپ گریڈ کرنے کے لیے دس لاکھ ڈالر خرچ کئے جائیں گے۔