اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن کی جانب سے حج کی قیمتوں میں اضافہ کا معاملہ اٹھایا جائے گا جبکہ سینیٹ کی جانب سے منی بجٹ کے حوالے سے بھیجی گئی سفارشات بھی ایوان میں پیش کی جائیں گی۔
سپیکر اسد قیصر کے زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر سینیٹ کی جانب سے منی بجٹ کے حوالے سے بھیجی گئی سفارشات پیش کریں گے۔
اپوزیشن کی جانب سے حج قیمتوں میں اضافہ کے خلاف توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے جس پر وزیر مذہبی امور وضاحتی جواب دیں گے۔ ملک میں توانائی کے بحران پر بھی ایوان میں بحث کرائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے سعودی ولی عہد کے دورہ کے موقع پر اپوزیشن کو مدعو نہ کرنے کے معاملہ پر بھی احتجاج کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کا مشاورتی اجلاس کل دوپہر دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر رکھا ہے۔
اجلاس میں آصف علی زرداری اور خورشید شاہ سمیت اپوزیشن کے دیگر رہنما شرکت کریں گے۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔