ملین ڈالر کا سوال، خزانے کا اگلا نگران کون ہوگا؟

Last Updated On 18 April,2019 06:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر نے استعفے کا فیصلہ کر لیا ہے، ان کے بعد خزانے کا نگران کون ہو گا، یہ سوال ہر پاکستانی کے ذہن میں زیر گردش ہے۔ تاحال 4 نام سامنے آئے ہیں تاہم ابھی تک حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ معیشیت کی بدترین صورتحال میں وزیر خزانہ جیسی بھاری ذمہ داری کون اٹھائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان چار ناموں پر غور کر رہے ہیں جن میں شوکت ترین، عشرت حسین، حفیظ شیخ اور سلمان شاہ شامل ہیں تاہم وزارت خزانہ کا قلم دان سنبھالنے کی دوڑ میں ایک اور نام بھی سامنے آیا ہے جو موجودہ وزیر توانائی عمر ایوب ہیں جنہیں وزیراعظم عمران خان نے طلب بھی کر لیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزارتوں میں ردوبدل کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ وزارت خزانہ کا قلمدان ٹیکنوکریٹ کو دیا جائے گا۔ نئے وزیر خزانہ کا آج شام تک اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عشرت حسین1979 سے1999 تک عالمی بینک میں فرائض سر انجام دے چکے ہیں، 1999 میں گورنر سٹیٹ بینک بنے، 2006 میں نیشنل کمیشن برائے حکومتی اصلاحات کے چیئرمین رہے اوراس وقت اداراتی اصلاحات کے مشیر ہیں۔ سلمان شاہ معروف معیشیت دان ہیں اور مشیر خزانہ اور نگران وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔ حفیظ شیخ اور شوکت ترین پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وزیر خزانہ کے عہدے پر متمکن رہ چکے ہیں۔