لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے اور صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق نیب کی کارروائیوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی بہن اور چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی پھوپھی کی گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے اور صوبائی وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر سبطین خان پر چنیوٹ میں غیر قانونی ٹھیکوں کا الزام ہے۔ انہوں نے 2007ء میں بطور وزیر چنیوٹ میں معدنی وسائل کا ٹھیکہ دیا۔ ان پر بطور وزیر مائنز اینڈ منرلز اربوں روپے کے ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔ ملزم پر اربوں روپے مالیت کے 500 میٹرک ٹن آئرن کا ٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔ اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی تھے۔
نیب حکام کے مطابق انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کا کل عدالت سے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
یاد رہے کہ صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کی سیاست کا آغاز 90ء کی دہائی میں ہوا۔ 1990 سے لیکر 1993ء تک پنجاب کے ایم پی اے رہے اسی دوران 1990 سے 1993ء تک صوبائی وزیر جیل خانہ جات بھی رہے جبکہ پنجاب میں مسلم لیگ ق کی حکومت بننے کے بعد صوبائی وزیر معدنیات بنے۔ انہوں نے 2007ء میں بطور صوبائی وزیر چنیوٹ میں معدنی وسائل کا ٹھیکہ دیا جس میں اربوں روپے کی کرپشن کی اطلاعات سامنے آئی تھی جس کے بعد نیب نے کارروائی کر کے انہیں گرفتار کیا۔