کراچی: (دنیا نیوز) کےالیکٹرک انتظامیہ کےخلاف کراچی کےشہری ڈٹ گئے، برسات کے بعد کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے کا پہلا مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ پاپوش نگر میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونیوالے سعد کے اہلخانہ نے کےالیکٹرک انتظامیہ کےخلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ دوسری جانب فرنٹیئر کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص کے قتل کا مرکزی ملزم پیرآباد بس اسٹاپ سے گرفتار کر لیا گیا۔
حالیہ برسات کے بعد پاپوش نگرتھانےمیں کے الیکٹرک انتظامیہ کےخلاف پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ برسات کےدوران کرنٹ لگنے سے سعد احمد نامی لڑکا جاں بحق ہوا تھا، سعد کے اہلخانہ نے شفاف انکوائری کا مطالبہ کر دیا جس میں دفعہ 322 قتل بلا السبب کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ کےالیکٹرک کی غفلت اور لاپرواہی کےخلاف درج کیا گیا ہے۔ کچھ روز قبل پاپوشنگر، چاندنی چوک کےقریب بجلی کےپول میں کرنٹ لگنے سے سعد کی ہلاکت ہوئی تھی جبکہ دیگر مختلف علاقوں میں 23 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
دوسری جانب فرنٹیئر کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم طاہر کو پیرآباد بس سٹاپ سے واردات کے کچھ دیر بعد گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم طاہر کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم طاہرنے فائرنگ کر کے اپنے دوست عاطف کو قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے عاطف کو اس کی دوکان پر اسے نشانہ بنایا تھا۔ ملزم نے ذاتی رنجش کی بنا پر فائرنگ کر کے عاطف کو قتل کیا تھا۔