کراچی: (دنیا نیوز) سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے غیر ملکی ایئر لائن (عمان ایئر) کے طیارے کو خوفناک حادثے سے بچالیا، طیارہ بھارتی فضائی حدود سے ہوتا ہوا کراچی ریجن میں داخل ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق سندھ کے علاقے چھور کے مقام پر اچانک موسم خراب ہوا جس کی وجہ سے طیارہ آسمانی بجلی کی زد میں آیا۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے انتہائی مہارت سے طیارے کو مکمل طور پر رہنمائی کرتے ہوئے بڑے حادثے سے بچایا۔
آسمانی بجلی کی زد میں آکر طیارہ اچانک کپتان سے بے قابو ہو کر 38 ہزار سے 36 ہزار فٹ کی بلندی پر آگیا۔ کپتان نے ہنگامی بنیادوں پر اے ٹی سی کو میڈے میڈے کی کال دی، ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کی رہنمائی کرتے ہوئے طیارے کو مختلف جہازوں سے بچایا، طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن کے کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور میڈے کی کال دی تھی جس پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو خراب موسم سے نکلنے میں مکمل طور پر رہنمائی کی اور دوسرے طیاروں سے بچالیا۔