مظفر گڑھ: (دنیا نیوز) مظفر گڑھ میں آئل ٹینکر عملہ اغوا کیس میں جمشید دستی اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی گرفتاری کی کوششں تیز کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کے قریبی دوستوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے سابق چیئرمین یونین کونسل ملک اجمل کالرو اور تاجر رہنما ملک عابد ملانہ کو گرفتار کرکے تھانہ کرمداد قریشی منتقل کر دیا ہے۔ سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کئی روز سے روپوش اور موبائل نمبر بھی بند ہے۔
خیال رہے کہ ایک ماہ قبل پولیس اہلکار فرخ شہزاد نے ساتھیوں سے مل کر ڈرائیور سے دو آئل ٹینکر چھینے تھے۔ گرفتار پولیس اہلکار فرخ شہزاد، جمشید دستی کا گن مین اور جماعت کا سرگرم رکن بھی رہ چکا ہے۔