ترک سپیکر کا چیئرمین سینیٹ کو ٹیلیفون، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Last Updated On 26 May,2020 08:21 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر مصطفیٰ سینتوپ نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو فون کیا۔ انہوں نے طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ ہم پاکستانی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران انہوں نے اہم امور، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان ترکی تعلقات، بین الپارلیمانی تعلقات، عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دیں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امن، ترقی، اقتصادی خوشحالی ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ موجودہ حالات میں پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری آ گئی ہے، ہمیں تحقیق اور ترقی کے سلسلہ میں معاونت کو مزید فروغ دینا ہوگا۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر رابطہ کاری اور معاونت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس نے نئے چیلنجز پیدا کر دیئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے ترکی کے سپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

سپیکر گرینڈ نیشنل اسمبلی ترکی نے دورے کی دعوت قبول کی اور کہا کہ مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کروں گا۔ ترک سپیکر نے کہا کہ ترک صدر کا پاکستان کی پارلیمان سے خطاب تاریخی نوعیت کا تھا۔
 

Advertisement