گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر واقع تاریخی شیرانوالہ باغ میں راجہ رنجیت سنگھ کے دور میں تعمیر ہونیوالی بارہ دری دوبارہ تعمیر ومرمت کے چند ماہ بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا شروع ہو گئی ہے۔
گوجرانوالہ کے شیرانوالہ باغ میں سکھ مہا راجہ رنجیت سنگھ نے دو سو سال قبل اپنے والد مہان سنگھ کی یاد میں بارہ دری تعمیر کروائی تھی، جہاں وہ اپنی کابینہ کے ہمراہ بیٹھ کر سلطنت کے فیصلہ کرتے تھے۔
اس عمارت کو روشن اور ہوادار بنانے کیلئے چاروں اطراف 12 دروازے بنائے گئے تھے، مگر مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور ناقص میٹریل استعمال ہونے کی وجہ سے یہ عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہے۔
تاریخ کے مٹتے نقوش کو محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس کا دوبارہ سروے بھی کیا گیا لیکن ابھی تک اس کی تعمیر ومرمت شروع نہ کی جا سکی۔
وقت کے ساتھ ساتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے بعد ناصرف اس بارہ دری کی رونقیں ماند پڑ چکی ہیں بلکہ یہ منشیات فروشوں کی آماجگاہ بھی بن گئی ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔