لاہور: کورونا وبا کے دوران عیدالاضحی کیلئے مویشی منڈیوں کے قیام کی تیاریاں شروع

Last Updated On 07 July,2020 09:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں کورونا وبا کے دوران عیدالاضحی کیلئے مویشی منڈیوں کے قیام کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ منڈیوں کے قیام سے ایک بار پھر کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی کا خدشہ ہے۔

عید الاضحی پر مویشیوں کی خرید وفروخت کے لیے لاہور میں 13 مویشی منڈیوں کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے منڈیوں میں مویشیوں کی خرید وفروخت کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی شنید بھی ہے۔

طبی ماہرین کی جانب سے مویشی منڈیوں پر تحفظات کا اظہار سامنے آ رہا ہے۔ لاہور میں مویشی منڈیوں کے قیام کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

یہ کمیٹی 15 جولائی تک منڈیوں کے قیام کو یقینی بنائے گی۔ تاہم طبی ماہرین کو خدشہ ہے کہ منڈیوں میں وسیع پیمانے پر شہریوں اور بیوپاریوں کی نقل وحرکت کے باعث کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد آسان نہیں ہوگا۔

کورونا وبا کی صورتحال میں مویشی منڈیوں کا قیام انتظامیہ کے لیے چیلنج کی صورت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔