اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظم ونسق اور سائنس کے درمیان تعاون سے ملک ترقی کر سکتا ہے۔ انٹرنیٹ، آن لائن کی سہولت اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے چوتھے صنعتی انقلاب نے طرز زندگی تبدیل کر دیا ہے کیونکہ ان ٹیکنالوجیز نے ناصرف روابط بلکہ پیداواری عمل کو بھی فروغ دیا ہے۔
انہوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی پر زور دیا کہ وہ زرعی شعبے میں پیداوار بڑھانے کےلئے ڈرون اور ربوٹ سمیت جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کے لئے کام کرے۔ صدر نے کہا کہ ہمیں اپنے انسانی سرمائے کو ترقی دینی چاہیے جو جدید ٹیکنالوجی کی مصنوعات تیار کر سکتا ہے۔