کوئٹہ: (دنیا نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور صوبائی صدر عثمان کاکڑ کی نماز جنازہ اور تدفین ان کے آبائی علاقے مسلم باغ میں کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں پارٹی سربراہ محمود اچکزئی، ایم این اے عطا الرحمان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تفصیل کے مطابق عثمان کاکڑ کی میت آج کوئٹہ مسلم باغ لائی گئی جہاں عوام کی بڑی تعداد نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی، پارٹی رہنما نواب ایاز جوگیزئی، رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے، رکن قومی اسمبلی عطا الرحمان، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سینیٹر ارباب عمر فاروق، اے این پی کے قائدین اصغر اچکزئی، زمرک اچکزئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے جنہوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
نماز جنازہ سے قبل تعزیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ عثمان کاکڑ کے قتل کے ثبوت موجود ہیں، وقت آنے پر پیش کرینگے۔ جو ہمیں انصاف فراہم کرے اس کے سامنے ثبوت رکھیں گے۔ تین مہینے کے بعد پشتون قوم کا جرگہ بلائیں گے۔
بعد ازاں عثمان کاکڑ کی نماز جنازہ مسلم باغ کے کلی سٹیشن قبرستان میں مولانا فضل الرحمان کے بھائی عطا الرحمان نے پڑھائی جس کے بعد سوگواروں کی موجودگی میں مرحوم کی تدفین کر دی گئی۔
خیال رہے کہ عثمان کاکڑ نے کلی سٹیشن قبرستان کے لیے 20 ایکڑ زمین اپنی زندگی میں وقف کی تھی جس میں پہلی قبر ان ہی کی ہے۔