اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے آل پارٹی حریت کانفرنس کی جانب سے مسرت عالم بٹ کو نیا چیئر مین اے پی ایچ سی اور شبیر احمد اور غلام احمد گلزار کو وائس چیئرمین تعینات کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے آل پارٹی حریت کانفرنس (اے پی ایچ) سی قیادت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کی حیثیت سے ،اے پی ایچ سی قیادت ان کی امنگوں کی حقیقی آواز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اے پی ایچ سے برسوں سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حق کیلئے جدوجہد جہد میں پیش پیش ہے۔بغیر کسی شک و شبہ کے انہیں جموں و کشمیر کے ایک حصہ پر غیر قانونی بھارتی تسلط کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہد کی مشعل بردار کی حیثیت سے کشمیری عوام کی حمایت حاصل ہے۔
اپنے حصے کے طور پر پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں کشمیری عوام کو ہر ممکن تعاون کی فراہمی جاری رکھے گا۔