عمران خان اسمبلی آکر الیکشن کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کریں، احسن اقبال

Published On 05 January,2023 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلی آکر الیکشن کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کریں۔

اپنے ایک بیان میں لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنا ہے، ہمارا ایجنڈا ملک میں امن بحال کرنا ہے، کوئی اس بحالی کے اور ترقی کے سفرمیں حصہ ڈالنا چاہتا ہے تو خیرمقدم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تصادم نہیں اتحاد کی ضرورت ہے، عمران خان اسمبلی آکر الیکشن کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کریں، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آج کا شدید مالی بحران ہمیں 4 سال بعد ورثے میں ملا ہے: احسن اقبال

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت صبح و شام ڈیفالٹ کی باتیں کر رہی ہے، یہ پانی پھینکنے کی بجائے پٹرول پھینک رہے ہیں، تحریک انصاف والے اپنی زبان بند رکھیں گے تو بہتر ہوگا، عالمی کمیونٹی پاکستان سے یکجہتی کا اظہارکر رہی ہے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنے آخری سال میں مصنوعی طور پر پٹرول کی قیمتوں کو کم کر گئے تھے، اگر ہم آئی ایم ایف معاہدے پرعمل نہ کرتے تو ملک کے ڈیفالٹ کا خطرہ تھا، ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار تحریک انصاف ہے۔