اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف کو وفاقی دارالحکومت میں ان کی رہائشگاہ ای سیون سے گرفتار کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس دیوار پھلانگ کر سابق وفاقی وزیر کے گھر داخل ہوئی اور انہیں گرفتاری کے بعد نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں دعویٰ کیا کہ 50 کے قریب پولیس اہلکاروں نے ان کے گھر چھاپہ مارا اور ان کی والدہ کو گرفتار کیا۔
ایمان مزاری نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے ان کے گھر کے دروازے توڑے گئے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار کئے جانے والے پی ٹی آئی رہنماؤں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری، علی محمد خان ، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری بھی شامل ہیں۔