راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ووٹوں کے اندراج کا وقت ہے، ساری نادرا کی ٹیم کو بدلنا سازش کی کڑی ہوسکتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ ساری قوم کی نظریں عدلیہ پر لگی ہوئی ہیں، عدلیہ ہی الیکشن کروا سکتی ہے، چوروں سے نجات دلوا سکتی ہے، ملک کو بحرانوں سے نکلوا سکتی ہے اور اوورسیز کو ووٹ کا حق دلوا سکتی ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 14, 2023
انہوں نے کہا کہ ساری قوم 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتی ہے اور شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے لیکن کسی کو بھی 9 مئی کے واقعے کو الیکشن بیانیہ نہیں بنانا چاہیے، 2 مہینے کی حکومت، 12 مہینے کا بجٹ، 100 مشیراور وزیر، معاشی صورتحال انتہائی خطرناک اور حکومت عوام میں جانے سے خوفزدہ ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 14, 2023
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیوب پارٹیاں ملک کو اقتصادی ہارٹ اٹیک سے نہیں بچا سکتیں، ڈیفالٹ کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے، وزیراعظم بے مقصد سیروسیاحت کے دورے کر رہے ہیں اور ہمارے کیے ہوئے کاموں کا افتتاح کر رہے ہیں، کیرم بورڈ کھیلنے سے اندرونی دباؤ اور ڈپریشن دور نہیں ہوتا بلکہ قوم کو پتا چل جاتا ہے یہ بے اختیار ہیں اور اختیار کہیں اور ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے نادرا کے چیئرمین کو ہٹانا اور اس کو ای سی ایل میں ڈالنا اور ورلڈکپ سے پہلے پی سی بی کا پھڈا ڈالنا لمحہ فکریہ ہے۔