9 مئی واقعات میں 10 کروڑ 68 لاکھ سے زائد کا نقصان، رپورٹ دنیا نیوز کو موصول

Published On 29 May,2025 10:23 am

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور میں نو مئی کے واقعات میں سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات دنیا نیوز کو موصول ہو گئیں۔

دستاویزات کے مطابق 9 مئی واقعات میں کیمروں، سرکاری گاڑیوں اور ٹریفک سگنلز کی مد میں مجموعی طور پر 10 کروڑ 68 لاکھ 7 ہزار 900 روپے کا نقصان کیا گیا، لاہور میں 9 مئی کے واقعات میں پولیس اور رینجرز کی 21 گاڑیاں تباہ ہوئیں۔

شہر کے 9 تھانوں کی حدود میں 9 مئی کو درجنوں سرکاری گاڑیاں توڑی گئیں، 9 مئی کے واقعات میں سرکاری گاڑیوں کو 8 کروڑ 22 لاکھ 7 ہزار 500 روپے کی مالیت کا نقصان پہنچایا گیا۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں جناح ہاؤس کے قریب رینجرز کے سنگل کیبن ڈالے سمیت 12 گاڑیوں میں توڑپھوڑ کی گئی، ٹریفک سگنلز اور آلات کو 53 لاکھ 5 ہزار کا نقصان پہنچایا گیا، پر تشدد مظاہروں میں سیف سٹی کے کیمروں کو ایک کروڑ 41 لاکھ 37 ہزار 500 روپے کا نقصان ہوا، گرجا چوک کینٹ میں 25 لاکھ 62 ہزار 300 روپے مالیت کے کیمروں کو نقصان پہنچایا گیا۔

دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ نو مئی واقعات میں شیر پاؤ پل کے قریب 5 لاکھ 18 ہزار مالیت کے کیمروں کو نقصان پہنچایا گیا، قرطبہ چوک، جیل روڈ، شالیمار چوک پر بھی 5 لاکھ 18 روپے کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔