سوات: (دنیا نیوز) دریائے سوات میں ڈوبنے والے 2 افراد کی تلاش کیلئے آپریشن کیا گیا، ریسکیو ٹیموں کو چوتھے روز بھی کامیابی نہ مل سکی۔
دریا سے اب تک 12 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، دریائے سوات کے کنارے دوسرے روز بھی تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رہا، 6 ریسٹورنٹس، 4 دکانیں، 2 ڈھابے اور پارک مسمار کر دیئے گئے۔
وفاقی وزیر امیر مقام کے ہوٹل کی دیوار کا کچھ حصہ بھی گرا دیا گیا، دریاؤں کے کنارے حفاظتی اقدامات کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دریاؤں کے کناروں کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، خیبر پختونخوا میں دیگر مقامات پر بھی صورتحال تشویشناک ہے۔